24

ورلڈکپ: جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 20 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رنز کا انبار لگادیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے لیے 400 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک اور رضا ہینڈرکس نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی کوئنٹن ڈی کاک 4 رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہیں ٹوپلی کی گیند پر انگلش کپتان جوز بٹلر نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔

اس کے بعد راسی وین ڈیر ڈوسن کریز پر آئے تو انہوں نے رضا ہینڈریکس کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز اپنایا، دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

راسی وین ڈیر ڈوسن اور ریزا ہینڈرکس نے جنوبی افریقا کا اسکور 125 رنز تک پہچایا تاہم راسی وین ڈیر ڈوسن 8 چوکوں کی مدد سے 61 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، وہ بھی ٹوپلی کی گیند پر جونی بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد رضا ہینڈریکس بھی 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 85 رنز پر عادل راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، وہ 42 رنز کی اننگز کھیل کر ٹوپلے کی گیند پر جونی بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ ڈیوڈ ملر بھی 5 رنز بناکر ٹوپلے کا شکار بنے۔

جنوبی افریقا کے 6 آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہینرک کلاسن تھے جنہوں نے انتہائی عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 109 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کے 7 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیرالڈ کوٹزی تھے وہ محض 3 رنز اسکور کر سکے۔

ہینرک کلاسن کے بعد سب سے عمدہ اننگز مارکو جانسن نے کھیلی انہوں نے 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 75 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 4، دوسری 125، تیسری 164، چوتھی 233، جبکہ پانچویں 243، چھٹی وکٹ 394 اور ساتویں وکٹ 398 کے مجموعی اسکور پر گری۔

انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلے نے سب سے عمدہ بولنگ کی انہوں نے جنوبی افریقا کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب عادل رشید اور گس اٹکنسن نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا۔

قبل ازیں ممبئی میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے موقع پر جوز بٹلر نے کہا کہ پچ ابتداء میں بالرز کے لیے سازگار لگ رہی ہے کوشش ہوگی جلد وکٹیں لے کر جنوبی افریقا پر پریشر بڑھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی اور اٹکنسن پلئینگ الیون کا حصہ ہیں جبکہ کرس ووکس اور سیم کرن کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بڑا ہدف دیکر انگلش سائیڈ کو پریشر میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹمبا باووما کی جگہ ریزا ہینڈرکس کو موقع دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما وائرل بخار کے باعث میچ سے دستبردار ہوچکے ہیں اس لیے ان کی جگہ ایڈن مارکرم قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔