35

پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلوی چیلنج کیلئے تیار ہے، گرانٹ بریڈ برن

 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ قومی ٹیم آسٹریلوی چیلنج کیلئے تیار ہے۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ چناسوامی اسٹیڈیم چھوٹا گراؤنڈ ہے جہاں کنڈیشنز کھیل کیلئے بہت اچھی ہیں،  چھوٹی باؤنڈری کی وجہ سے یہ گراؤنڈ ہائی اسکورنگ رہا ہے جس پر بیٹرز نے ہمیشہ انجوائے کیا ہے لیکن بولرز کے لیے چیلنج ہوگا اور میرے خیال میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہوگی۔

گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہمارا بولنگ اٹیک اس وقت اتنا ایکیوریٹ نہیں رہا ہے جیسا کہ کچھ وقت پہلے تک تھا لہذا ہمیں بہت ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنی پڑے گی۔  اگرچہ بھارت کے خلاف نتیجہ ہمارے حق میں نہیں تھا تاہم ہمیں اس میچ سے کچھ اہم باتیں سیکھنے کو ملی ہیں جو اس ٹورنامنٹ میں ہمیں کام آئیں گی۔ ٹورنامنٹ میں دس بہترین ٹیمیں موجود ہیں اور جیسا کہ ہم نے پچھلے ہفتے دیکھا ہے کہ کوئی بھی کسی کو ہراسکتا ہے۔


بریڈبرن نے کہا کہ اس ورلڈ کپ میں تیسرا میچ جیت کر تین ایک کے ساتھ چنئی جانا چاہتے ہیں جہاں ہمیں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا ہے۔ ہمیں آسٹریلیا کے اسٹائل اور طاقت کا اندازہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں انہیں ایکسپلائٹ کرسکتے ہیں۔ اب تک ہم تینوں شعبوں میں صحیح معنوں میں پرفارمنس نہیں دے سکے ہیں لیکن ہمیں پتہ ہے کہ جب ہم یہ کریں گے تو اور بہتر ہو گا۔


واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 میں اپنا چوتھا میچ جمعہ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گی، یہ اس گراؤنڈ میں اس ورلڈ کپ کا پہلا میچ ہوگا۔ دو بڑی ٹیموں کے درمیان اس مقابلے میں اسٹینڈز میں موجود اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا اس ورلڈ کپ میں یہ چوتھا میچ ہے۔ اس نے حیدرآباد میں ہالینڈ اور سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ احمد آباد میں اسے انڈیا کے خلاف شکست ہوئی تھی۔ پاکستان ٹیم دس ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل پر اسوقت چوتھے نمبر پر ہے۔ بنگلور میں آنے کے بعد ٹیم نے فلڈ لائٹس میں سخت پریکٹس کی ہے تاکہ کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرسکے۔

اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا آغاز خاصا مایوس کن رہا ہے اور اسے انڈیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد اس نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دس میں سے چھ میچوں میں شکست دی ہے تاہم آخری بار جب یہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ سیریز میں مدمقابل ہوئی تھیں تو پاکستان نے آسٹریلیا کو دو ایک سے شکست دی تھی۔