اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اگر لبنان کے عسکری ونگ حزب اللہ نے ہمارا امتحان لیا تو اس کا رد عمل مہلک ہوگا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری کا کہنا تھا کہ ہم نے لبنان کی سرحد کے ساتھ لگ بھگ 28 دیہاتوں کو خالی کرنے کا فیصلہ رہائشیوں کی ہلاکتوں کے خطرے کو کم کرنے اور فوج کو ضرورت پڑنے پر وسیع جارحانہ آزادی کی اجازت دینے کے لیے کیا ہے۔
خیال رہے کہ پیر کے روز اسرائیل نے لبنان کے ساتھ شمال میں اپنی سرحد سے 2 کلومیٹر تک کے 28 دیہاتوں کے رہائشیوں کے انخلاء کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان اسرائیل فوج کا کہنا تھا کہ ہم صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے تاہم، ہم کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حزب اللہ نے ہمیں آزمانے کی غلطی کی تو اس کا ردعمل مہلک ہو گا۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی مارا گیا جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔
حزب اللہ کے حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی انٹیلی جنس سٹیشن بھی تباہ ہو گیا تھا۔