43

کراچی ائیرپورٹ پر7 گھنٹے سے پھنسے سیالکوٹ کے عمرہ زائرین جدہ روانہ

کراچی ائیرپورٹ پر 7 گھنٹے سے پھنسے سیالکوٹ کے عمرہ زائرین متبادل طیارے سے جدہ روانہ ہوگئے۔

 سیالکوٹ سے جدہ کے لیے پی آئی اے کی پرواز  پی کے 745 میں آگ لگنے کی اطلاع پر بوئنگ 777 طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کرائی گئی تھی۔

 سیالکوٹ سے روانہ ہونے والے 300 مسافر 7 گھنٹے سے کراچی ائیرپورٹ پر موجود تھے، ہنگامی طور پر کراچی اتارے گئے پی آئی اے کے بوئنگ طیارے میں کل بھی آتشزدگی کا سگنل ملا تھا۔ جدہ سے سیالکوٹ جاتے ہوئے رجسٹریشن اے پی بی ایم ایس کے طیارے کے کاک پٹ کیبن میں آتشزدگی کا سگنل ملا تھا۔

روانگی کے کچھ دیر بعد پرواز پی کے 746 کو جدہ واپس اتار لیا گیا تھا، فنی خرابی دور کرکے طیارے کو گزشتہ روز کراچی لایا گیا تھا۔

معائنے کے بعد طیارے کو سیالکوٹ روانہ کر دیا گیا تھا، یہی طیارہ جمعرات کی صبح سیالکوٹ سے جدہ کے لیے پرواز پی کے 745 کے لیے آپریٹ کیا گیا، آج بوئنگ طیارے کے بنکر میں آتشزدگی کا سگنل موصول ہوا۔

ذرائع کے مطابق طیارے میں آتشزدگی کے شواہد نہیں ملے تاہم اسے پرواز کے لیے ان فٹ قرار دے کر گراؤنڈ کر دیا گیا۔

مسافروں کو جدہ روانہ کرنے کے لیے متبادل طیارہ فراہم کرنے میں تاخیر ہوئی،  پرواز شام 6 بجے کراچی سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی۔