40

اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہماری کوئی سوچ نہیں، نگران وزیرخارجہ

نگران وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق اس وقت ہماری کوئی سوچ نہیں، فلسطینیوں کو حق خودارادیت ملنا چاہئے۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں اہم خطاب کیا، انہوں نے ہاہمی ملاقاتیں بھی کیں، نگران وزیراعظم نے مختلف میڈیا چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے وبائی امراض سے متعلق اجلاس میں شرکت کی اور مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں، دورے میں کشمیری عوام کی واضح حمایت کا اعلان کیا اور بھارت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ 20 کے قریب باہمی میٹنگز میں نگران وزیراعظم نے شرکت کی، انوار الحق کاکڑ نے بیرونی سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پوری دنیا کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے فنڈز کے جلد اجراء پر وزیراعظم نے زور دیا۔

سعودی عرب سمیت 7 ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کئے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں نگران وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قومی مفادات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جاتا ہے، اس وقت اسرائیل کے حوالے سے ہماری اس معاملے میں کوئی سوچ نہیں، فلسطینیوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہئے، فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔