آکلینڈ: آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 244 رنز کا ہدف پورا کرکے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ بنالیا۔
ایڈن پارک میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گپٹل کی طوفانی سنچری اور کولن منرو کے لاٹھی چارج کی بدولت 6 وکٹوں پر 243 رنز کا بڑا مجموعہ تشکیل دیا، اوپننگ جوڑی نے کیویز کو 10.4 اوورز میں 132 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ مارٹن گپٹل نے 49 گیندوں پر سنچری جڑی، وہ 54 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، کولن منرو نے 33 گیندوں پر 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے، کین رچرڈسن، اینڈریو ٹائے نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ڈارکی شارٹ نے محض 8.3 اوورز میں 121 رنز بنا کر ٹیم کو برق رفتار آغاز فراہم کیا، وارنر 24 گیندوں پر 59 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، شارٹ نے 44 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے، ایرون فنچ نے 14 گیندوں پر 3 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگا کر 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 7 گیندیں قبل ہی ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔ ڈارکی شارٹ مین آف دی میچ قرار پائے.