20

نوازشریف کےاستقبال کیلئےکمیٹیاں تشکیل،اہداف مقرر

پاکستان مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف کے وطن واپسی پر استقبال کے لیے ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران کو زیادہ سے زیادہ کارکنان لانے کا ٹاسک دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت کو نواز شریف کے استقبال کے لئے 10 لاکھ کارکنان کی آمد کی امید ہے، چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے پنجاب، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا ویمن ونگ کی کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دیدیں۔

پنجاب کے علاوہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا خواتین ونگ کی بھی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں، چیف آرگنائزر مریم نواز نے استقبالیہ کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔


نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے ذمہ دار خواجہ سعد رفیق ہوں گے، گوجرانوالہ کی ملک احمد خان، سرگودھا کی احسن اقبال اور فیصل آباد کی کمیٹی کی سربراہی خرم دستگیر کریں گے، ساہیوال ڈویژن کی کمیٹی کے میاں جاوید لطیف، ملتان کے اویس لغاری، بہاولپور کے سردار ایاز صادق سربراہ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے طلال چودھری اور لاہور ڈویژن کی کمیٹیوں کے سعود مجید ذمہ دار ہوں گے، 9 ڈویژنز کی زیر سرپرستی پنجاب کے 36 اضلاع کے عہدیداران کی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

عطا تارڑ کو ضلع راولپنڈی، مصدق ملک کو اٹک اور حنیف عباسی کو چکوال کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، صبا صادق جہلم، گجرات کے شیخ آفتاب سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، ڈاکٹر طارق فضل چودھری سرگودھا، چودھری تنویر اوکاڑہ کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے۔


30 ستمبر کو تمام کمیٹیاں پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں سے متعلق اپنی رپورٹس چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کو پیش کریں گی۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی پرکامیاب سیاسی پاور شو کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں پنجاب کے تمام  ڈویژنز کے الگ الگ پنڈال بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے،کون کتنے بندے لائے گا، مینار پاکستان کے پنڈال سے ہی سب کی کارکردگی نمایاں ہوگی۔تمام سابق ارکان اسمبلی و رہنماؤں کی کارکردگی رپورٹ قائد نواز شریف کو پیش کی جائے گی۔

مرکزی اسٹیج تین حصوں پر مشتمل ہوگا۔

مرکزی اسٹیج کے پہلے حصے پر نواز شریف کی تقریر کیلئے ڈائس لگایا جائے گا،مرکزی اسٹیج کےدوسرے حصےمرکزی لیڈرشپ کے بیٹھنے کا اہتمام کیاجائے گا،مرکزی اسٹیج کے تیسرے حصے پرمقامی قیادت براجمان ہوگی،میڈیا کے لیے الگ سے مرکزی اسٹیج کے بالمقابل بڑا اسٹیج بنانے کا فیصلہ کیاگیا،مسلم لیگ ن نے لاہور سمیت تمام ڈویژنز کو ٹارگٹ دے دیا۔صدر مسلم لیگ ن لاہور ملک سیف کھوکھرنےایک لاکھ چالیس ہزار ورکرز کو مینار پاکستان لانے کا ٹاسک قبول کرلیا۔مینار پاکستان کےپنڈال میں تمام ڈویژنز کےلیے الگ الگ کرسیاں لگائی جائیں گی۔

ملک سیف الملوک کھوکھر  نےکہا ہے کہ مینار پاکستان کا جلسہ تمام سابق ارکان اسمبلی کو کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا موقع دے گا،مینار پاکستان کےپنڈال سے سب کارکردگی کی رپورٹ قائد نواز شریف کو دونگا،ہر صوبائی حلقے کے سابق رکن اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈر کو ٹاسک تفویض کردیاگیاہے،کونسلر تک کی کارکردگی کو مانیٹرکیاجائے گا،10لاکھ کا ہدف ہر حال میں پورا کرنا ہے۔

مسلم لیگ ن کے تمام سینٹرز،ایم این ایز،ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز جو اسوقت بیرون ملک موجود ہیں،3 روز کے اندر وطن واپسی کی ہدایت کی گئی ہے،مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز، ٹکٹ ہولڈرز اور مقامی رہنما اپنی مکمل توجہ اور محنت قائد مسلم لیگ ن کے پاکستان میں استقبال کی تیاریوں میں صرف کریں۔تمام پارٹی رہنما 21 اکتوبر سے پہلے بیرون ملک سفر سے گریز کریں۔


قائد مسلم لیگ ن سے لندن میں ملاقات کیلئے تشریف لانے والے احباب بھی فی الوقت اپنے پروگرام کو منسوخ کر کے عوامی موبلائیزیشن کیلئے اپنے حلقوں میں بھرپور وقت دیں۔18 ستمبر کو ہونے والے تنظیمی اجلاس میں دی گئی ذمہ داریوں کو مکمل کرکے اسکی رپورٹس صدر پنجاب اور پارٹی آفس کو ارسال کی جائیں۔