11

اب کہنا پڑا ہے کہ جماعت اسلامی منافقوں کا ٹولہ ہے، مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جب بھٹو نے سندھ پر کوٹہ سسٹم نافذ کیا اس وقت کراچی کا مینڈیٹ جماعت اسلامی کے پاس تھا۔ حافظ نعیم کی باتوں کو بہت عرصے سے نظرانداز کر رہے تھے مگر اب یہ کہنا پڑا ہے کہ جماعت اسلامی منافقوں کا ٹولہ ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، جماعت اسلامی کو گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں بھی لوگوں نے ووٹ نہیں ڈالے۔


ان کا کہنا تھا کہ اب متحدہ انتخابات میں حصہ لینے جارہی ہے، پکا قلعہ حیدرآباد میں شیر خوار بچوں اور خواتین کو پیپلز پارٹی نے مار دیا، آج تک جماعت اسلامی نے اس واقعے پر کوئی آواز بلند نہیں کی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انہیں جماعت اسلامی نہیں صرف جماعتی کہتا ہوں کیوں کہ یہ منافق ہیں، کل وزیر فنانس کو تبدیل کر دیا گیا، اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مصدقہ اطلاعات ہیں کہ پی پی اپنے ناجائز کاموں کیلئے وزیر فنانس پر دباؤ ڈال رہی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے نگراں وزیراعلیٰ خود کو پیپلز پارٹی کا وزیراعلیٰ ثابت ہونے نہیں دیں گے۔