2

مجھ پر کالا جادو کیا گیا، اپنے ارد گرد عجیب چیزیں محسوس کیں: فیروز خان کا انکشاف

معروف پاکستانی اداکار فیروز خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کالے جادو کے زیر اثر رہے ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے مختلف انسٹا اسٹوریز شیئر کی ہیں جو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

ویڈیوز میں اداکار نے بتایا کہ میں اللّٰہ کے کرم اور آپ ﷺ کی رحمت سے کالے جادو کے اثر سے باہر نکلا ہوں۔

فیروز خان نے کہا کہ اس سے قبل میں صرف اس بارے میں لوگوں سے سنا کرتا تھا کہ اگر کسی پر کالا جادو ہو جائے تو مختلف نشانیاں دکھائی دیتی ہیں لیکن کبھی خود ایسا کچھ محسوس نہیں کیا تھا تاہم حال ہی میں ان تمام نشانیوں کو خود محسوس کیا۔

اداکار نے بتایا کہ میں آوازیں سننے سے لے کر اپنے ارد گرد عجیب مخلوق کی موجودگی کو بھی محسوس کیا جس نے میری زندگی پر بُرے اثرات مرتب کیے، میں نے مختلف عالمِ دین سے رجوع کیا اور اس حوالے سے مزید جاننے کی کوشش کی۔

فیروز خان کا کہنا تھا کہ میں نے نمازوں، قرآنی رقیہ اور درود پاک کی مدد سے اس کا علاج کروایا ہے، شیطانی وسوسوں سے نکلنے کے عمل کے دوران میرا ایمان مزید مضبوط ہوا ہے۔