20

ایشیا کپ: پاکستان کے2 وکٹ پر 44 رنز، بارش کے باعث میچ روک دیا گیا

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے 357 رنز کے جواب میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 44 رنز  بنالیے ہیں تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا ہے۔

کولمبو میں بوندا باندی کے باعث میچ روک دیا گیا اورگراؤنڈ کو کوورز سے ڈھانپ دیا گیا، دونوں ٹیموں کےکھلاڑی میدان سے باہر چلےگئے۔

اس وقت تک پاکستان کی اننگز کے 11 اوورز ہوچکے ہیں اور  وکٹ پر فخرزمان 14 اور محمد رضوان ایک رن بنا کر موجود ہیں۔

امام الحق 9رنزبناکر بمراہ کا شکار ہوئے جب کہ بابر اعظم کو 10 رنز پر پانڈیا نے آؤٹ کیا۔

اس سے قبل  آج کولمبو میں ریزرو ڈے میں بارش رکنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا میچ شروع ہوا اور بھارتی ٹیم نے 25 ویں اوور سے کھیل کا آغاز کیا۔

گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، جس میں بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔

بھارتی بلے باز کے ایل راہول اور  ویرات کوہلی نے ناقابل شکست  اننگز کھیلیں جس کے باعث بھارت نے مقررہ 50 اوورز  میں 2 وکٹ پر 356 رنز بنا لیے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

ویرات کوہلی نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کے ایل راہول بھی 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کے درمیان تیسری وکٹ پر  233  رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور  شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف انجری کے باعث میچ کے دوران گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف ان فٹ ہو گئے ہیں لہٰذا وہ بھارت کے خلاف میچ میں بولنگ نہیں کریں گے۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق حارث رؤف کی بیک سائیڈ میں پسلیوں میں تکلیف ہے، حارث رؤف احتیاطی طور پر بولنگ نہیں کریں گے۔