16

جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی اور سانحہ جڑانوالہ پر بروقت اقدامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام ریاستی مشینری اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں ہمارا آئین ذات پات, نسل اور رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی, مذہبی, سیاسی اور معاشی حقوق دیتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا تاکہ ایسے واقعات کا سد باب ہو سکے، اقلیتی برادری اپنے مسائل اور تجویز حکومت تک پہنچائے , جہاں تک ممکن ہوا مسائل کا حل کرینگے .

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستانی افرادی قوت کا بنیادی حصہ ہے جس کا پاکستان کی ترقی میں ایک اہم کردار ہے.

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک دوسرے کے عقیدوں کے احترام سے ہی پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ہو سکتی ہے. انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا.

وفد نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے خالد جارج کی بطور نگراں وفاقی وزیر انسانی حقوق تقرری کو خوش آئند قرار دیا.

ملاقات میں نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خالد جارج اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی.