15

’عبوری صدر باز رہیں، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن نے کرنا ہے‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت کے عہدے کی میعاد 9 ستمبر کو ختم ہوچکی ہے، صدرِ مملکت کو اختیار کس نے دیا کہ الیکشن کی تاریخ دیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نگراں وزیر قانون سے الیکشن کی تاریخ دینے کے حوالے سے مشاورت کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ صدر جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے والے ہیں۔

جس کے بعد ن لیگی رہنما عطاء تارڑ نے لاہور میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ عارف علوی اس وقت عبوری صدر ہیں، لیکن ان کےعبوری صدر ہونے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔


عطاء تارڑ نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ پر صدر مملکت نے وزارت قانون سے رائے مانگی ہے، الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ 9 ستمبر کے بعد آرٹیکل 58 غیر فعال ہوچکا ہے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی معیشت کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرتی ہے، یہ بے یقینی کی فضا اپنے بیانیے کیلئے پیدا کرتے ہیں، یہ سب کچھ اٹک میں بیٹھے شخص کی وجہ سے ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عبوری صدر باز رہیں، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن اور حکومت صدرکے احکامات ماننے کے پابند نہیں ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ آٸی ایم ایف معاہدے کے ثمرات کو عارف علوی نقصان پہنچا رہے۔