8

افغان سرحدی علاقے کو اسمگلرز کےلیے سیل کرنے کا عمل شروع، بجلی چوروں کیخلاف بھی کریک ڈاؤن

وفاقی حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کےلیے افغان بارڈرز کو اسمگلرز کےلیے سیل کرنے کا عمل شروع کردیا ۔ ملک بھر سے کسٹمز کی ٹیمیں کوئٹہ روانہ کر دی گئیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسمگلنگ کی روک تھام کےلیے پاک افغان بارڈر پر 3 ماہ کے لئے عارضی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، لاہور، کراچی، سرگودھا، فیصل آباد، اسلام آباد سے 20 انسپکٹرز کا کوئٹہ تبادلہ کردیا گیا، مختلف شہروں سے 43 کسٹمز سپاہیوں کا بھی کوئٹہ تبادلہ کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق تبدیل کئے گئے انسپکٹرز فوری کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ رپورٹ کریں، سپاہیوں کو بھی موجودہ مقام ڈیوٹی سے چارج کا حکم دیا گیا، ایف بی آر کی تاریخ میں پہلی بار ایسا بڑا اقدام کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب میں بھی بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائیوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔ بجلی چوری کو کنٹرول اور مانیٹرنگ کے لئے تین کمیٹیاں بنا دی گئیں، ایک کمیٹی صوبائی سطح پر  بنائی گئی۔ سیکریٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ کیمٹی کے کنوئیر ہوں گے جبکہ جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن ، سیکریٹری انڈسٹریز ، اسپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب کمیٹی کے ممبر ہونگے۔

قبل ازیں پیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 100 سے زائد کنڈے  ہٹا کر 200 افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، متعدد افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے مزید ستاون افراد کے بجلی چوری میں ملوث ہونے پر پینتالس لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد  کر دئیے جبکہ ملتان میں آپریشن کےدوران319 صارفین بجلی چوری کرتےپکڑے گئے۔