10

بجلی کے بعد ملک بھر میں گیس چوری کے خلاف بھی آپریشن شروع

ملک بھر میں بجلی چوری کے بعد گیس چوری کے خلاف بھی ملک گیر آپریشن شروع کردیا گیا۔

مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) سوئی ناردرن عامرطفیل کا کہنا ہے گیس چوری پر قابو پانے کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد لی ہے، 3 سال میں 803 مقدمات کیے گئے، اس دوران 361 ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی۔

عامرطفیل نے مزید کہا کہ 50 فیصد سے زیادہ گیس بیرون ملک سے درآمد کی جاتی ہے، امپورٹڈ گیس لوکل گیس سے تین گنا مہنگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں سے گیس کی مد میں 300 ارب روپے لینے ہیں، سوئی گیس محکمے میں 23 سال سے افسران کو فِری گیس کی سہولت ختم ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے یہ کریک ڈاؤن نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکٹر کی ہدایت پر کیا جارہا ہے۔

 گزشتہ روز نگران وزیر توانائی محمد علی نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ جب تک بجلی چوری ختم نہیں ہوتی اور لوگ بل ادا نہیں کرتے اس وقت تک عوام کو سستی بجلی نہیں ملے گی۔

پریس کانفرنس میں وزیر توانائی محمد علی نے کہا تھا کہ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈسکوز میں 79 ارب یونٹس بجلی کا نقصان ہوتا ہے، صرف ان 5 ڈسکوز میں 100 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، ان پانچ ڈسکوز میں سے 3044 ارب کی بلنگ ہوتی ہے اور 100 ارب کا نقصان ہوتا ہے۔