11

حکومت کا ڈالر اسمگلرز، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ڈالر اور غیر ملکی کرنسی اسمگلرز اور اس کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

ڈالر کے اسمگلرز، ذخیرہ اندوزوں منظم جرائم کے کارٹیلز، کرپٹ سرکاری افسران کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کی نشاندہی ہوگئی جب کہ مکمل فہرستیں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زبردست اور طویل کریک ڈاؤن کے لیے حکومت نے تیاری کرلی، کرپشن کی بیماری جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بڑے اور منظم کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔


ذرائع کےمطابق غیر ملکی کرنسیوں کی نگرانی کے نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جب کہ اس سلسلے میں کرنسی کی غیر قانونی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس ضمن میں ماہر معاشیات ظفر پراچہ نے کہا کہ اس اقدام سے مہنگائی کم ہوگی مگر یہ کریک ڈاؤن وقتی نہیں ہونا چاہئے، ہم نے اپنی پالیسیز کو ری اسٹرکچر کرنا ہے۔

دوسری جانب نگراں حکومت بجلی چوری اور بل کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کریک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کی تصدیق نگراں وفاقی وزیر توانائی محمد علی کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ دنوں ملک کے بڑے تاجروں سے ملاقاتیں کرکے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ دو دنوں سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، اوپن مارکیٹ میں 24 گھنٹوں کے دوران امریکی کرنسی 12 روپے سستا ہو چکا ہے۔