47

حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل، انتخابات جلد سے جلد ہونگے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندی کےکام کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے حلقہ بندی کے دورانیے کو مزید کم کر دیا ہے، اب حلقہ بندی کی حتمی اشاعت 30 نومبر کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت و فیڈ بیک کے بعد حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


کمیشن نے کہا کہ جتنا جلدی ممکن ہو سکے الیکشن کا انعقاد کرنا ہے، البتہ انتخابی شیڈول کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔


چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں انتخابی شیڈول اور نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر اجلاس جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں انتخابی شیڈول جاری کرنے اور حلقہ بندیوں کوجلدمکمل کرنے سے متعلق مشاورت جاری ہے جب کہ کمیشن اجلاس کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان بھی کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے نئی حلقہ بندیاں 14 دسمبر کو مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے آج ہی انٓتخابات سے متعلق مشاورتی اجلاس میں الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیاں مکمل کرکے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے بھی الیکشن کے اس فیصلے کی تائید جب کہ پیپلز پارٹی نے نئی حلقہ بندیوں کی مخالفت کی تھی۔