36

مکمل ہڑتال کی حمایت کا اعلان: کل کراچی بند رہے گا

کراچی چیمبر آف کامرس نے مکمل ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل کراچی بند رہے گا۔

زبیر موتی والا نے چیمبر آف کامرس میں تاجروں کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی چیمبر تاجروں کی ہڑتال کے ساتھ ہے اور جمعہ کو مکمل ہڑتال ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کا ٹیرف ہمیں قابل قبول نہیں ہے، چھوٹی صنعتیں ہوں یا بڑی اتنی مہنگی بجلی ہر کاروبار ناممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کاروباری طبقہ بجلی کے زائد بلوں سے پریشان ہے، حکومت آئی پی پیز کے ساتھ بیٹھ کر بات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاور پروجیکٹس کے نرخوں پر نظر ثانی اشد ضرورت ہے۔

اجلاس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی ویڈیو لنک سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں تاجروں کا مقدمہ لے کر اسلام آباد جاؤں گا۔ تاجروں کے ساتھ وزیراعظم کو تجاویز دوں گا۔

گورنر نے تاجروں سے ہڑتال 2 ستمبر تک موئخر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوں تو آپ آپ فیصلے کرنے میں حق بجانب ہیں۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے بجلی کے ظالمانہ بلوں کے خلاف دو ستمبر کو ملک گیر احتجاج کا بھرپور حصہ بننے کا اعلان کردیا۔