34

ایشیا کپ، قومی ٹیم کا نیپال کو جیت کیلئے343 رنز کا ہدف

ایشیا کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دے دیا۔

ملتان میں جاری ایشیا کپ کے پہلے میچ  پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم نےکپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو  343 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔

پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کے اوپنرز جلد ہی پویلین واپس لوٹ گئے، فخر زمان 14 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ امام الحق 5 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس موقع پر رضوان اور بابراعظم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور مجموعی اسکور 111 رنز پر پہنچادیا۔

رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آنے والے آغا سلمان 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر آنے والے بلے باز افتخار احمد نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا، بابر اعظم 151 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 71 گیندوں پر 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔

قومی ٹیم نے مقرر 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے ڈرائی ہے،ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

پلیئنگ الیون کا اعلان ایک دن قبل کرنے سے متعلق سوال پر بابر نے کہا کہ میچ کےلیے پُراعتماد ہیں اس لیے  پلیئنگ الیون کا پہلے ہی اعلان کردیا تھا۔

نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت پوڈیل نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہےہیں، وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔

ایشیا کپ کے پہلے میچ کیلئے پاکستان نے نیپال کے خلاف پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ شب کیا، ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

سعود شکیل ، وسیم جونیئر اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ افتخار احمد، حارث رؤف اور نسیم شاہ کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔