36

چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھے وزیر داخلہ اور صدر بنانے کی بھی آفر دی، پرویز خٹک

چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھے وزیر داخلہ اور صدر بنانے کی بھی آفر دی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی نے کبھی بھی پارٹی رہنماؤں کو عزت نہیں دی، مجھے استعمال کرکے انہوں نے حکومت بنائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان کے نام پر جھوٹ بول کر نوجوانوں کو ورغلانے کی کوشش کی گئی، چیئر مین پی ٹی آئی کو چیلنج ہے خیبر پختونخوا میں ہم حکومت بنا کر دم لیں گے۔

مزید کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی نے شاہ محمود، اسد عمر اورعمر ایوب کو بھی عزت نہیں دی، موجودہ سیاسی پارٹیاں ملک کو اس حال تک پہنچانے کی ذمہ دار ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے ان کو عوام بعد میں خاندان اچھا لگتا ہے،جو افسر عوام کی عزت، خدمت نہیں کرے گا وہ عہدے پر نہیں رہے گا، ملک کے مالک عوام ہیں اور ہم عوام کے نمائندے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  نہ میں رشوت لیتا نہ حرام کھاتا ہوں اس لئے افسران مجھ سے ڈرتے ہیں،40سال کا تجربہ ہے کہ ہم نے کیسے ان سے کام لینا ہے۔