35

مہنگی بجلی کیخلاف احتجاج پر جماعت اسلامی کی قیادت پر مقدمہ درج

اسلام آباد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے پر جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

جماعت اسلامی کی قیادت سمیت 12 افراد پر تھانہ بہارہ کہو میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے متن میں کہا گیا کہ مقررین نے حکومت وقت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ مقدمے میں دیگر افراد بھی نامزد ہیں۔

ترجمان جماعت اسلامی نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے مقدمے کی مذمت کرتے ہیں، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مقدمے کر رہی ہے۔

پاکستان بھر میں شہری بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے ورنہ ہم بل ادا نہیں کریں گے۔

دوسری جانب نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت بجلی کے نرخوں کے حوالے سے ہنگامی اجلاس جاری ہے جس میں نگراں وزیر توانائی و بجلی سمیت متعلقہ وزارتوں کے حکام شریک ہیں۔

اجلاس میں وزارت توانائی کی بجلی کی ترسیل اور نرخوں کے معاملے پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔ جبکہ تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بھی تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں صارفین کو بجلی بلز پر زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلیے مشاورت جاری ہے۔