33

الیکشن کمیشن سے ملاقات کیلئے ن لیگ کا 7 رکنی وفد تشکیل

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کے لیے 7 رکنی پارٹی وفد تشکیل دے دیا۔

مسلم لیگ ن کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں بتایا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کو باضابطہ دعوت دی ہے، ن لیگ کو 25 اگست کی صبح 11 بجے الیکشن کمشن آنے کی دعوت دی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملاقات میں انتخابی عمل پر مشاورت کی جائے گی، الیکشن کمیشن سے ملاقات کے لیے مسلم لیگ ن نے 7 رکنی پارٹی وفد تشکیل دے دیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق وفد میں شامل ہوں گے، احسن اقبال، امیر مقام، زاہد حامد، عطاء تارڑ بھی وفد کاحصہ ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے الیکشن روڈ میپ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو خط کے زریعے چوبیس اگست کو دن دو بجے مدعو کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے مولانا فضل الرحمان کو 24 اگست شام 3 بجے، 25 اگست دن11 بجے شہباز شریف کو اور آصف علی زرداری کو 29 اگست شام 3 بجے مدعوکرلیا۔

ملاقات میں حلقہ بندیوں، انتخابی فہرستوں، عام انتخابات کے انعقاد اور الیکشن شیڈول پربات کی جائے گی۔