31

دشمن کے ایجنڈے پرکام کرنیوالے سہولتکاروں کو نہیں چھوڑیں گے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکاکہنا ہے کہ دشمن ملکوں کے ایجنڈے پر پاکستان کو عدم استحکام  کرنےکیلئے کام کرنیوالے دہشت گردوں، سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان آمد پر  کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے  عسمان منزہ کے قریب جنوبی وزیرستان کے علاقے شیروانگی کا دورہ کیا جہاں گزشتہ روز 6فوجیوں نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔

 آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو موجودہ انٹیلی جنس اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سمیت موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سپہ سالار نے  علاقے میں تعینات افسران اور فوجیوں سے بات چیت کی اور دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے میں ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکاکہنا ہے کہ شہدا ہمارا فخر ہیں، پاکستان میں مکمل امن واستحکام کی واپسی تک قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے دشمن ایجنڈے کے تحت کام کرنے والے دہشت گردوں، ان کے ساتھیوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو ریاست پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈالنے تک ان کا شکار کیا جائے گا۔