82

پہلا ون ڈے: پاکستان کی پوری ٹیم افغانستان کے خلاف 201 رنز پر ڈھیر

پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں جاری میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی کپتان کا یہ فیصلہ راس نہ آیا اور  پوری ٹیم47 اوور میں 201 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔

اوپنر فخر زمان چار گیندوں پر دو رنز بناکر پویلین لوٹے، فخر زمان کی وکٹ فضل الحق فاروقی نے حاصل کی، اس کے بعد کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے مجیب الرحمٰن کا شکار ہوئے۔

رضوان نے 21، آغا سلمان نے7، اسامہ میر نے 2 اور شاہین آفریدی نے بھی 2 رنز بنائے۔ 

امام الحق نے کافی دیر تک مقابلہ کیا اور  61 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ شاداب خان 39 اور افتخار احمد 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

 افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور  راشد خان نے 2،2 اور رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ  تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان ٹیم افغانستان کے خلاف آل آؤٹ ہوئی ہے۔

 6  ٹی ٹوئنٹی اور 4  ون ڈے میچز کے بعد پہلی بار افغانستان پاکستان کو آل آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

اس سے قبل افغانستان نے اس سال ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے 9 کھلاڑی آوٹ کیے تھے، ون ڈے میں اس سے قبل افغانستان پاکستان کی زیادہ سے زیادہ 8 وکٹ لے سکا تھا۔

پاکستانی ٹیم:

قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم سمیت امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 24 کو اسی مقام پر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 0-3 سے فتح ٹیم پاکستان کو پھر سے ایک روزہ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم بنادے گی۔