24

ہم حکومتی نظام کار میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کا کہنا ہے کہ ہم حکومتی نظام کار میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے، معمول کی پالیسوں پر عمل پیرا رہیں گے، ہماری بنیادی ذمہ داری انتخابات کیلئے بھر پور معاونت فراہم کرنا ہے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس جاری ہے، جس کے ایجنڈے میں رواں مالی سال کیلئے دیت کی رقم مقررکرنے اور پانی کی بچت سے متعلق اقدامات کی منظوری شامل ہے۔

ایجنڈے میں اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرزلائسنسیزکے حدود میں تبدیلی، اور شہری عمر فاروق کی امریکا حوالگی کی منظوری بھی شامل ہے، جب کہ قوانین میں لفظ وفاقی حکومت کی جگہ مناسب لیول کی تبدیلی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ اجلاس میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت نگراں حکومت مختص مدت کے لیے آئی ہے، ہم حکومتی نظام کار میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے، گزشتہ حکومت کی پا لیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگراں حکومت کے پاس روزمرہ حکومتی معاملات چلانے کا اختیار ہے، ہم حکومتی نظام کار میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے، معمول کی پالیسوں پر عمل پیرا رہیں گے، قوانین وضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی صورت میں مداخلت کا اختیار حاصل ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی آئینی مدت مکمل ہونے پر تحلیل ہوچکی ہے، پارلیمان کا ایوان بالا سینیٹ کام کررہا ہے، لیکن قانون سازی نہیں ہو سکتی، ہماری بنیادی ذمہ داری انتخابات کیلئے بھرپور معاونت فراہم کرنا ہے۔

نگران وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ تمام وزراء اپنی وزارتوں سے بریفنگ لیں، آئندہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا فیصلہ پریفنگ کی بنیاد پر کریں گے۔