31

بحیثیت کپتان آنے والی کرکٹ کیلئے بہت پرجوش ہوں، بابر اعظم

ایک انتہائی اہم کرکٹ سیزن کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کا آخری مرحلہ کل سے شروع ہو رہا ہے۔

کپتان بابراعظم نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام کھلاڑی ایک یونٹ کی حیثیت سے ایک دوسرے کے ساتھ بہت لطف اندوز ہو رہے ہیں، ٹیم میں چند نئے چہرے ہیں جن کے لیے نیک تمنائیں ہیں کہ وہ چیلنجز میں پورا اتریں گے۔

بیشتر لڑکے مختلف لیگز کھیلتے آئے ہیں لیکن جب آپ پاکستان کا اسٹار سینے پر سجاتے ہیں تو جذبات مختلف ہوتے ہیں، میں بحیثیت کپتان آنے والی کرکٹ کے لیے بہت پرجوش ہوں اور سری لنکا کے خلاف سیریز کی جیت سے ہمارا مومینٹم بنا ہوا ہے۔

پاکستان کا حالیہ ون ڈے ریکارڈ دیگر تمام ٹیموں سے اچھا رہا ہے، 2022 کے آغاز سے اب تک اس نے 17 میں سے 13 ون ڈے انٹرنیشنل جیتے ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ ہماری تیاریوں پر ہے کیونکہ ہمیں آنے والے دنوں میں 2 بڑے ایونٹس ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیلنے ہیں، بابراعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم 26 میں سے 17ون ڈے جیت چکی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ افغانستان کے خلاف سیریز پر فوکس کیے ہوئے ہیں، بڑے ایونٹس سے قبل اس طرح کی سیریز سے فائدہ ہوتا ہے، چونکہ ہم ایشین کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں لہذا ہمیں ردھم حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور ہمیں برتری حاصل رہے گی۔