110

چرچ کے اندر کابینہ اجلاس، جڑانوالہ واقعہ کیلئے 20 لاکھ روپے فی گھر امداد کی منظوری

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چرچ کے اندر کابینہ اجلاس منعقد کرلیا۔ کابینہ نے اجلاس میں جڑانوالہ واقعہ کیلئے 20 لاکھ روپے فی گھر امداد کی منظوری دی۔ محسن نقوی کہتے ہیں بے شک مجھے 10 دفعہ یہاں آنا پڑے، سارے چرچ بحال کئے جائیں گے۔

چرچ کے اندر منعقد کیے گئے کابینہ اجلاس میں میں تمام وزرا اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری نے کابینہ کا یک نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔

نگران کابینہ نے متفقہ طور پر جڑانوالہ واقعہ کیلئے بیس لاکھ روپے فی گھر امداد کی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ میں نذرآتش ہونے والے ہر گھر کے مالک کو بیس لاکھ فوری طور پر ملے گا، امدادی رقوم کے چیک جلد مالکان تک پہنچ جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سارے گرجا گھروں کی عیسائی برادری کی مرضی کے مطابق تعمیر و بحالی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ دو چرچ سو فیصد بحال کر دیئے گئے ہیں، تمام متاثرہ لوگوں کو انصاف دلانے کا وعدہ پورا کریں گے۔