38

نگراں وزیر داخلہ کا پہلا حکم، نئے اسلحہ لائسنسز کے اجرا پر پابندی عائد

اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے نئے اسلحہ لائسنسز کے اجرا پر پابندی عائد کردی ہے۔

انہوں نے اس پابندی کا حکم وفاقی وزارت داخلہ میں آمد کے بعد اپنے منصب کا چارج سنبھالتے ہی جاری کیا، وزارت داخلہ میں آمد پر سیکریٹری داخلہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

سرفراز احمد بگٹی پاکستان کے 47 ویں وفاقی وزیر داخلہ ہیں، انہیں وزارت داخلہ میں اعلیٰ حکام نے محکمے اور اس کے ذیلی اداروں کی بابت تفصیلی بریفنگ دی۔

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ افسوسناک اور دینی تعلیمات کے منافی ہے، ملک میں کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بریفنگ کے بعد اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ کرپشن کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔