36

کرکٹ کی تاریخ پر پی سی بی کی ویڈیو ،عمران خان کو شامل نہ کرنے پر بورڈ پرسخت تنقید

یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ہسٹری کے حوالے سے ایک ویڈیو جاری کی جس پر اسے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے 14 اگست کی شام ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں 1952 سے لے کر موجودہ وقت تک کے کرکٹ سے متعلق تاریخی اور یادگار واقعات کے مناظر  دکھائے گئے ہیں۔

لیکن اس پوری ویڈیو میں 1992 میں پاکستان کے لیے واحد کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان ہی غائب ہیں جس پر صارفین نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا اور عمران خان کی غیر موجودگی کا گِلہ کیا۔سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آتے ہی مداح آپے سے باہر ہوگئے اور کرکٹ بورڈ سے عمران خان کو ویڈیو میں شامل نہ کرنے کا سوال پوچھا۔البتہ پی سی بی کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو کے تھمبنیل میں عمران خان کی تصویر ضرور ہے جس میں وہ  دیگر 6 کھلاڑیوں کے ہمراہ 1992 کا ورلڈکپ پکڑے ہوئے ہیں۔

 

 

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے شاندار کرکٹ کیرئیر کے دوران پاکستان کے لیے 88 ٹیسٹ اور 175 ون ڈے میچز کھیلے۔بیٹنگ میں ان کی ایوریج 37 اور بولنگ میں 22 اوسط نے انہیں اسٹار آل راؤنڈرز کی چوٹی میں سب سے اوپر درجے رکھا۔

عمران خان کے بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر کے آخری 10 سالوں کے دوران انہوں نے 51 ٹیسٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔سابق کپتان نے 1987 میں انگلینڈ میں پاکستان کو اپنی پہلی سیریز میں فتح دلائی لیکن ان کے کیرئیر کا بہترین لمحہ اس وقت آیا جب پاکستانی ٹیم نے  ان کی قیادت میں 1992 کے ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔