37

اقتدار میں آکر تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے، سردار تنویر الیاس

صدر استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی صدر سردار تنویرالیاس نے پاکستانی پرچم لہرایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ آج ملک کے کونے کونے میں آزادی کا جشن منایا جارہا ہے، قائداعظم محمد علی اور دیگر انتھک کوششوں سے پاکستان وجود میں آیا۔

سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور آزادی کے حصول کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ، کشمیری گردن کٹوا دیں گے لیکن بھارت کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر اعتماد کرنے پر استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت کا شکرگزار ہوں، جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان، نعمان لنگڑیال اور دیگر ساتھیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، استحکام پاکستان پارٹی ان شاء اللہ بڑی قوت بن کر ابھرے گی اور آزاد کشمیر میں ہر طرف استحکام پاکستان کے چرچے ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اپنی ذات کے اسیر ہیں، انہیں بہت سمجھانے کی کوشش کی، لیکن وہ کسی کی کوئی بات سننے کیلئے تیار ہی نہیں تھے۔