33

انورا الحق کاکڑ نے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اُٹھالیا

اسلام آباد: انورا الحق کاکڑ نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اُٹھالیا، ایوان صدر میں نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔

 صدر مملکت عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے عہدے کاحلف لیا۔

اس موقع پر اسپیکر راجہ پرویزاشرف، شہبازشریف، سینیٹرز و دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔ کے پی، سندھ، پنجاب کے گورنرز، پنجاب اور کے پی کے نگراں وزیراعلیٰ بھی شریک ہوئے۔

انوار الحق کاکڑ پاکستان کے 8ویں نگران وزیر اعظم ہیں۔ شہباز شریف نگراں وزیر اعظم انوار الحق کے گلے ملے اور مبارکباد پیش کی۔

اس سے قبل نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئے تھے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انوار الحق کاکڑ کا استعفیٰ منظور کیا، انوار الحق کاکڑ کے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی گئی۔

نوٹی فکیشن کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی، انوار الحق کاکڑ 2018 میں آزاد حیثیت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔