32

آئی ایم ایف مشن نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا

عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا مشن پہلے اقتصادی جائزے کیلئے نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے اگلے 6 ماہ اہم ہیں، آئی ایم ایف کا وفد نومبر 2023 میں پاکستان کا دورہ کرے گا، دورے کا مقصد 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت پاکستان کی جولائی تا ستمبر2023 اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تین ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ قرض پروگرام کے تحت مجوزہ نگران حکومت سے اہم ترین مذاکرات ہوں گے جبکہ اقتصادی جائزے کی کامیاب تکیمل پر پاکستان کو ستر کروڑ ڈالر کی اگلی قسط ملے گی۔

مشن کو نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 859 ارب روپے کی پیٹرولیم لیوی کا سالانہ ہدف پورا کرنے کیلئے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ 2024 تک آئی ایم ایف سے مجموعی طور پر 1.8 ارب ڈالر ملیں گے، اِن فنڈز کا حصول دو اقتصادی جائزوں کی کامیاب تکمیل سے مشروط ہے۔