69

شیر بہت جلد لندن سے واپس آنے والا ہے، مریم نواز

مسلم لیگ ( ن ) کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے پارٹی رہنماوں کو نیا کافی کپ استعمال کرنے کی ہدایات کردیں۔

پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے سلوگنز والی اشیا نمائش کے لیے پیش کی گئیں، اس موقع پر سینئر نائب صدر نے ان اشیا کا معائنہ کیا اور پارٹی پرچم، نواز شریف کی تصاویراور پارٹی نعروں والی اشیا کو خوب پسند کیا۔

مریم نواز کی جانب سے آئندہ انتخابات کی تیاریوں میں پارٹی سلوگن والی اشیاء استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جن میں جدید کافی کپ، نوٹ بکس، بیجز اور پوسٹرز شامل ہیں جبکہ تمام اشیا پر مسلم لیگ ن کا جھنڈا، انتخابی نشان شیر اور مختلف نعرے درج ہیں۔

اس حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے کافی کپ پر بہت تبصرے، تجزیے اور پروگرامز کئے گئے، اب میں نیا کافی کپ استعمال کر رہی ہوں جس میں کافی زیادہ مزے کی لگتی ہے، اس کپ پر ایک جانب لکھا ہے ’‘ میاں دے نعرے وجن گے’’ اور دوسری جانب نواز شریف کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے تمام رہنما نیا کافی کپ استعمال کریں، میں یقین دلاتی ہوں کہ اس نئے کپ میں کافی زیادہ بہتر مزہ دے گی، فون کور پر ’‘ دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا ’‘ کے نعرے درج ہیں جو کہ موجودہ حالات کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شیر بہت جلد لندن سے واپس آنے والا ہے، اگلے انتخابات میں ایک بار پھر شیر دھاڑنے جا رہا ہے۔