26

آئی ایم ایف کا پروگرام ہوچکا اور ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہو چکا ہے اور ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، اگر آئندہ موقع ملا تو ملک میں زرعی انقلاب لائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایف پروگرام ملک کیلئے ضروری تھا، کوئی شک نہیں شرائط کڑی اور سخت ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر پاکستان کو زرمبادلہ ذخائر سمیت کئی چیلنجز درپیش ہوتے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے سے ملک کیلئے تباہ کن صورتحال پیدا ہوتی، آئی ایم ایف کا پروگرام ہو چکا ہے اور ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا اور آئی ایم ایف نے سبسڈیز کے حوالہ سے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے۔

آج مدت مکمل ہونے کے بعد سمری صدر مملکت کو بھیج دوں گا، صدر مملکت اسمبلی تحلیل کر دیں گے تو پھر نگران حکومت آئے گی۔

سعودی وفد سے سرمایہ کاری پر بات کی، 14 سے 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی اور سی پیک کے تحت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

ماضی کی حکومت کی سنگین غفلت کی وجہ سے کشکول اٹھانا پڑا، ہمیں پاکستان کو قائداعظم کے خواب کی عملی تعبیر بنانا ہے، پاکستان سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، کشکول توڑیں گے۔

قرض ختم کریں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے، اگر آئندہ موقع ملا تو ملک میں زرعی انقلاب لائیں گے۔