34

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر پشاور میں مٹھائیاں تقسیم

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین کو سزا سنائے جانے اور ان کی گرفتاری پر پشاور میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید اور 5 سال کی نااہلی کی سزا سنائی گئی ہے جس کے بعد انہیں لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کردیا گیا، ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے 4 صفحات پرمشتمل فیصلہ جاری کیا جس کےمطابق وکلا صفائی نے کیس قابل سماعت ہونے پر کوئی دلائل نہیں دیئے،5 مئی اور8 جولائی کے دلائل پر درخواست مسترد کی جاتی ہے،شکایت کنندہ نے کیس سے متعلق تسلی بخش شواہد دیئے۔

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے ارکان کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا اور مٹائیاں تقسیم کی گئیں۔

جمعیت علماءاسلام ( جے یو آئی ) کے کارکنان بھی مٹھائی تقسیم کر کےخوشی مناتے رہے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) میں شامل جماعتوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کی سزا کو حق کی فتح قرار دیا۔