کراچی: غیرملکی سیکیورٹی ماہرین نے پی ایس ایل فائنل کے لئے کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں پی ایس ایل فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران غیرملکی سیکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن نے کہا کہ آج مختلف سیکیورٹی ایجنسیوں نے بریفنگ دی جب کہ فائنل کے لئے سیکیورٹی انتظامات حوصلہ افزا ہے۔
رگ ڈیکاسن نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے سیکیورٹی انتظامات پہلا قدم ہے، سیکیورٹی کے انتظامات سے مطمئن ہوں جو کہ بین الاقوامی معیار کے ہیں اور اس حوالے سے 7 روزمیں رپورٹ دوں گا۔
خیال رہے کہ ریگ ڈیکاسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) کے ساتھ منسلک ہیں اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیجیں گے۔
وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لئے ہرممکن اقدامات کیے جب کہ رگ ڈیکاسن بھی سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوگا اور کوشش ہےکہ سندھ کے عوام کو کرکٹ واپس ملے۔
فل ڈریس ریہرسل
پی ایس ایل فائنل کے لئے فل ڈریس ریہرسل کی گئی جس میں ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک غیرملکی کھلاڑیوں کو لانے کی مشق کی گئی۔
پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکاروں نے فل ڈریس ریہرسل میں حصہ لیا جب کہ اس موقع پر سوک سینٹر، ڈالمیا، کارساز اور نیو ٹاؤن سے اسٹیڈیم کی جانب جانے والے تمام راستے بند کیے گئے۔
نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت میں کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فل ڈریس ریہرسل کی نگرانی بھی کی گئی۔
تربیتی مشق کے دوران کسی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے موبائل اسپتال بھی موجود رہی جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود تھے۔
فائر بریگیڈ اور ایمولینس بھی نیشنل اسٹیڈیم کے باہر موجود رہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اسٹیڈیم کے اندر جانے والی گاڑیوں کی تلاشی بھی لیتا رہا۔
خیال رہے کہ 22 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے 34 میچز متحدہ عرب امارات، لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے تمام لیگ میچز دبئی اور شارجہ میں جبکہ پلے آف کے 2 میچز لاہور اور فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔