27

سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے، مختلف منصوبوں پر 25 ارب ڈالر سرمایہ کاری ہوگی، زراعت اور آئی ٹی ترجیح ہے، ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے بھی انتہائی اہم ہیں، منصوبے سے دونوں ملکوں میں دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے۔

سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کردیئے گئے، تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر میں چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک معاہدے پر دستخط آج سے 10 برس قبل سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق چینی صدر شی جن پنگ نے کئے تھے اور اس کی سیاہی سوکھنے سے قبل ہی اس پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کی بدولت آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں شعبہ توانائی، روڈ، انفرااسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہائیڈل پاور سیکٹر میں 25 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری آئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخلے ہورہے ہیں، آج ہم نے کچھ اہم دستاویزات پر دستخط کئے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے، ہم سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے، یہ بزنس ٹو بزنس، سرمایہ کاری، زراعت اور آئی ٹی پر مرکوز ہوگا تاکہ چین کے تعاون سے پاکستان اپنی مصنوعات چینی حکومت کے معیار اور ضروریات کے مطابق برآمد کرسکے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں چین کے نائب وزیراعظم کو بطور خصوصی سفیر پاکستان بھیجنے پر صدر شی جن پنگ کا شکر گزار ہوں، اس سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ چین اور پاکستان ایک ایسے تعلق میں جڑے ہیں جو دنیا میں منفرد ہے، پاکستان اور چین کے درمیان یہ دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی اور اس میں ہم کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

 

 

چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن ہی لی فنگ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر ہونیوالی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچے، ان کا وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے کیلئے وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرجوش استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مرکزی داخلی دروازے پر چینی وفد کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے چینی نائب وزیراعظم ہی لی فنگ سے وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، سید نوید قمر، احسن اقبال، سعد رفیق، مریم اورنگزیب، حنا ربانی کھر اور طارق فاطمی کا خود تعارف کرایا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ چین کے نائب وزیراعظم سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں شرکت اور اس گیم چینجنگ انیشی ایٹو سے ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرنے کیلیے پاکستان پہنچے ہیں۔