54

باجوڑ دھماکا، ملک کو دہشتگردی کی نرسریوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے، سیاسی قیادت

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ہونے والے بم دھماکے میں شہادتوں کے بعد وزیراعظم سمیت سیاسی قیادت نے متحد ہو کر پیغام دیا ہے کہ دہشت گرد سب کے دشمن ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پسماندگان سے افسوس اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے واقعہ پر افسوس کرتے ہیں، شہید ہونے والوں کے لیے مغفرت اور اہل خانہ کو اللہ صبر جمیل عطاء فرمائے۔

وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داران کی نشاندہی کی جائے۔

مولانا فضل الرحمان

بم دھماکے پر رد عمل دیتے ہوئے امیر جے یو آئی (ف) فضل الرحمان نے کہا کہ جےیوآئی کے ورکر کنونشن کے دوران دھماکے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے افسوسناک واقعہ کی انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاء گو ہیں، کارکنوں کو پیغام ہے کہ جلد ہسپتال پہنچ کر خون کے عطیات دیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے کارکنان پر امن رہے، وفاقی و صوبائی حکومت زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرے۔

حافظ حمد اللہ

سماء ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا کہ ہمارے پاس جو اطلاع ہے اس کے مطابق ہمارے 10 سے 12 ورکرز شہید ہو چکے ہیں اور کئی درجن زخمی ہیں۔دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، اس کنونشن میں مجھے بھی جانا تھا لیکن میں ذاتی مصروفیت کی وجہ سے وہاں نہیں جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ حافظ حمداللہ نے کہا کہ میں حملہ کرنے والوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر وہ اسے جہاد کہتے ہیں تو یہ جہاد نہیں ہے، یہ فساد اور کھلم کھلا دہشت گردی ہے، یہ انسانیت پر حملہ ہے، پورے باجوڑ اور ریاست پر حملہ ہے۔میں ریاست اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس دھماکے کی تحقیقات ہونی چاہیے، یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ بار بار ہوتا رہا ہے، اس سے پہلے بھی باجوڑ میں ہمارے مختلف سطح کے عہدیداروں کو شہید کیا گیا جس پر ہم نے پارلیمنٹ میں بھی آواز اُٹھائی لیکن آج تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

آصف زرداری

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جے یو آئی ف کے کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گرد سب کے دشمن ہیں، سوات کی طرح پورے ملک کو دہشتگردی کی نرسریوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے، بم دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری

اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نے کہا کہ باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہی، شہداء کے خاندانوں اور جے یو آئی ف سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومت دہشت گردوں کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لائے، دہشتگردی کے منصوبہ سازوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

سراج الحق

امیر جماعت اسلامی اور سابق سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جانی نقصان پر بہت زیادہ افسوس ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی قائدین اور شہریوں کی جان ومال کاتحفظ یقینی بنائے، حملہ کا مقصد ملک میں افراتفری کی صورتحال پیدا کرنا ہے، دہشتگرد عناصر اور انکے سرپرست ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے، حکومت سے مطالبہ ہےکہ وہ بم دھماکے کی فوری اور مکمل تحقیقات کروائے۔

گورنر خیبرپختونخوا

سماء ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےگورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، ورکرز کنونش میں ہونے والے بم دھماکوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں، اس طرح بے گناہ شہادتوں کی اجازت کوئی بھی دین نہیں دیتا، جو لوگ بھی شدید زخمی ہیں ان کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، شدید زخمیوں کو پشاور لانے کے لیے انتظامات شروع کیے جا رہے ہیں، جو بھی سہولیات درکار ہیں وہ دی جائیں گی، کمشنر، چیف سیکرٹری سمیت دیگر حکام کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ زخمیوں کو فوری علاج کے لیےتمام سہولیات دی جائیں گی، شہید ہونے والوں کے لیے دعا گو ہیں اور پسماندگان کے ساتھ ہیں۔