39

ایم کیو ایم کی رعنا انصار سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رکن رعنا انصار سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بن گئیں، اسپیکر نے قائد حزب اختلاف کی نشست پر بٹھادیا۔ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جلد نوٹیفکیشن بھی جاری ہوجائے گا۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج (بدھ کو) ہی سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے درخواست جمع کرائی گئی تھی جس پر ایم کیو ایم کو جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کی حمایت حاصل تھی۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ایم کیو ایم کی رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کیا گیا جن کی تقرری کا اعلان اسپیکر سندھ اسمبلی نے کیا۔

رکن سندھ اسمبلی رعنا انصار صوبائی اسمبلی کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر ہیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ رعنا انصارکو پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی بننے پر مبارکباد دیتا ہوں، اس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن جاری ہوگا جو سب کو دے دیا جائے گا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے اجلاس 2 اگست کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔