87

ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔

خانیوال ماڈل ایگریکلچر فارم کی افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج کو اپنی قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے، فوج عوام سے ہے اور عوام فوج سے ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر دم لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اور معیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، سیکیورٹی کے بغیر معیشت اور معیشت کے بغیر سیکیورٹی ناگزیر ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی غیرت مند، غیور اور باصلاحیت قوم ہے، اللہ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے، پاکستانیوں نے بھیک کا کشکول باہر اٹھا کر پھینکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین انیشیٹوو کا دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا، ماڈل فارم طرز کے جدید فارم بنائیں گے جس سے کسان کو فائدہ ہوگا، انشا اللہ پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، عوام اور ریاست کا رشتہ محبت اور احترام کا ہے۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھ کر سنایا، ’افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر، ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ۔‘