30

ایمرجنگ ایشیاکپ فائنل؛ پاکستان کا بھارت کو 353 رنز کا ہدف

اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیاکپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 353 رنز کا ہدف دیدیا۔

کولمبو کرکٹ اسیٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی اے ٹیم کے کپتان یاش دل نے ٹاس جیت کر پاکستان بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے شاندار 121 کا اوپننگ آغاز فراہم کیا تاہم صائم ایوب 59 رنز بناکر آؤٹ جبکہ صاحبزادہ فرحان 65 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں عمر بن یوسف 35، کپتان محمد حارث 2 جبکہ قاسم اکرم بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، مڈل آرڈر میں طیب طاہر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 گیندوں پر 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 108 رنز اننگز کھیلی جبکہ مبصر خان نے انکا ساتھ دیتے ہوئے 35 رنز  بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 125 رنز کی پارٹنرشپ بھی قائم ہوئی۔

بھارت کی جانب سے ویان پراگ اور ہینگریکر نے 2، 2 جبکہ مانو ستر، ہرشت رانا اور نشانت سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے سری لنکا کو پہلے سیمی فائنل میں 60 رنز سے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 51 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔

پاکستان کا اسکواڈ 

کپتان محمد حارث، طیب طاہر، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، عمر بن یوسف، قاسم اکرم، مبصر خان، مہران ممتاز، محمد وسیم جونیئر، ارشد اقبال اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

ایونٹ میں بھارتی ٹیم کو اب تک کوئی شکست نہیں ہوئی جبکہ قومی ٹیم کو گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب پاکستانی سائیڈ میں انٹرنیشنل اور پی ایس ایل کا تجربہ رکھنے والے پلیئرز شامل ہیں، آل رائونڈر محمد وسیم جونیئر، کپتان محمد حارث، اوپنر صاحبزادہ فرحان اور فاسٹ بولر ارشد اقبال ٹاپ لیول پر قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔