30

محمد حفیظ قومی ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر تعینات

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے سابق کرکٹر محمد حفیظ کو قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کپتان کے سری لنکا کے خلاف جاری دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے بعد چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کا امکان ہے۔

رواں ماہ کے شروع میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی سابق ٹیسٹ کرکٹر و آل رائونڈر محمد حفیظ سے ملاقات ہوئی  تھی  ذکااشرف نے انہیں قومی ٹیم کا چیف سلیکٹربنانے کی آفرکی تھی ۔

ملاقات میں محمد حفیظ نے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا عہدہ ملنے پر ذکا اشرف کو مبارکباد بھی دی تھی، اس موقع پر سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ذکا اشرف اچھے ایڈمنسٹریٹرہیں، ان کی دل سے عزت کرتا ہوں۔

علاوہ ازیں سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان اور سلیم یوسف کو بھی سلیکشن کمیٹی میں ذمہ داریاں ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ، محسن حسن خان کو بھی سلیکشن کمیٹی میں ذمہ داری ملنے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ اور ذکا اشرف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پی سی بی کے نئے سیٹ اپ میں سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر کو شامل کرنے پر بھی بات ہوئی تھی۔