31

کابینہ قانون سازی کمیٹی نے ’’فاسٹ ٹریک کورٹس‘‘ کی منظوری دیدی

اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے کے معاملے سے نمٹنے کےلیے کابینہ قانون سازی کمیٹی نے فاسٹ ٹریک کورٹس کی منظوری دیدی۔

حکام کے مطابق فاسٹ ٹریک کورٹس میں آن لائن شکایت اور ویڈیو لنک پر عدالت میں حاضری کی سہولت دستیاب ہوگی۔ عدالتوں کا قیام وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد عمل میں آئے گا۔

دستاویزات کے مطابق فاسٹ ٹریک کورٹ کے جج کی تقرری ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کریں گے، فاسٹ ٹریک کورٹس مقدمات کا فیصلہ 120 روز میں کرنے کی پابند ہوں گی۔

فیصلے پر عملدرآمد کےلیے بطور پائلٹ پراجیکٹ پہلی فاسٹ ٹریک کورٹ اسلام آباد میں قائم ہوگی جبکہ صوبے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد عملدرآمد شروع کریں گے۔

واضح رہے کہ صرف اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کی پراپرٹیز پر قبضے کی 1600 شکایات موجود ہیں۔