43

جوڈیشل کمپلکس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی ، شبلی فراز ، فرخ حبیب اور حسان نیازی سمیت دیگر رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

چیئرمین تحریک انصاف کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش نہ ہونا مہنگا پڑ گیا۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ عدالت نے شبلی فراز ، فرخ حبیب ، حسان نیازی اور دیگر کئی رہنماؤں کے بھی جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیس میں وارنٹ گرفتاری نکال دیئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف تھانہ رمنا کے 2 اور تھانہ گولڑہ کےایک مقدمےکی سماعت شروع ہوئی ، تو ان کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ سردار مصروف نے بتایا ان کے مؤکل نےلاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے ، اس لئے اسلام آباد نہیں آسکے ۔ جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا انہیں پیش تو ہونا پڑے گا۔

عدالت نے انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلکس پر حملے کے الزام میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا کے 2 اور تھانہ گولڑہ میں درج ایک مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی ، فرخ حبیب، شبلی فراز اور حسان نیازی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔