40

پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی آبادی بن گیا

پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی آبادی بن گیا، ملک میں ہر سال آبادی میں دو اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں ہر سال 11 ہزار مائیں دوران زچگی انتقال کر جاتی ہیں۔

پاپولیشن کونسل نے آبادی کے عالمی دن پر ہوشربا اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی آبادی بن گیا، ملک میں ہر سال آبادی میں 2.4 فیصد اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کی آبادی تمام ایشیائی ممالک کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال 11 ہزار مائیں دوران زچگی انتقال کرجاتی ہیں، ہر ایک ہزار میں سے 62 بچے ایک سال ہونے سے پہلے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

پاپولیشن کونسل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اوسط ہر ماں چار بچے پیدا کررہی ہے، پاکستان کے 40 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار اور 29 فیصد کا وزن کم ہے، پاکستان میں 5 سال سے کم عمر 18 فیصد بچے بڑھ نہیں رہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو 2040ء تک 10 کروڑ سے زائد نوکریوں، 2 کروڑ گھروں کی ضرورت ہوگی، آبادی میں اضافے سے پاکستان کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہورہا ہے، 2040ء تک پاکستان کو 85 ہزار مزید پرائمری اسکولوں کی ضرورت پڑے گی۔

عالمی ادارے نے مزید بتایا ہے کہ پاکستان میں ہر تین میں سے ایک بچہ اسکول نہیں جارہا، پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، بھارت، بنگلادیش نے بڑھتی آبادی پر قابو پالیا۔

پاپولیشن کونسل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 100 میں سے صرف 34 جوڑے مانع حمل ادویات استعمال کرتے ہیں، پاکستان میں اوسط ہر شادی شدہ جوڑے کا ایک غیر ارادی بچہ ہے، پاکستان میں 20 سے 24 سال کے 12 فیصد افراد کے پاس نوکریاں نہیں۔