50

بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کی پٹرول ری فیولنگ پر پابندی عائد

راولپنڈی پولیس نے فلنگ اسٹیشن مالکان کو بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول ری فیولنگ سے روک دیا۔

پنجاب بھر خصوصاً راولپنڈی میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کیلئے اب کوئی نرمی نہیں۔ نو ہیلمٹ، نو پیٹرول کی زیروٹالرنس پالیسی اپنا لی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کہنا ہے کسی معمولی حادثے میں بھی سر کی چوٹ جان لیوا ہوسکتی ہے۔ جان پیاری ہے تو قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔

سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے لوگوں کو احساس ہو گا کہ ہیلمٹ جان بچانے کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہیلمٹ پہن کا باہر آئیں اور سمجھدار و قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ مانیٹرنگ کی جاری ہے،ہیلمٹ نہ پہننے کا خمیازہ پٹرول پمپس پر ہی نہیں سڑکوں پر بھی بھگتنا ہوگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہی ہیلمٹ نہ پہننے پر 1604 موٹرسائیکل سواروں کے چالان کئے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب فلنگ اسٹیشن مالکان کا کہنا ہے کہ جو حکمنامہ آیا ہے اس پر عمل درامد کررہے ہیں، سرکاری ملازم کو بھی ہیلمٹ کے بغیر پٹرول نہیں دیتے،انتظامیہ کے حکمنامہ پر سو فیصد عملدر آمد کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ تین روز قبل پنجاب کے تمام اضلاع میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سے فوری عملدرآمد کے لیے مراسلہ جاری کیا گیا ہے، مراسلہ تمام اضلاع کے چیف ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک پولیس آفیسرز کو جاری کیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائی۔