35

پی آئی اے کی جدہ سے پہلی حج پرواز لاہور پہنچ گئی

 اسلام آباد: پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز ہوگیا، حجاج کرام کی پہلی پرواز پی کے 760 کے ذریعے 329 حجاج لاہور پہنچ گئے۔

لاہور ایئر پورٹ پی آئی اے کے اسٹیشن مینیجر علی عباس شاہ اور حج مینیجر میاں سہیل محمود نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ حجاج کرام کو پی آئی اے کی جانب سے پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

پی آئی اے کی بعد از حج آپریشن کے پہلے روز اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے لیے  پہلی پروازوں کے ذریعے 900 سے زائد حجاج کی وطن واپسی ہوگی۔

پی آئی اے  268 پروازوں کے ذریعے سے 61،467 حجاج کو وطن واپس پہنچائے گا۔  بعد از حج پروازوں کے ذریعے تقریباً 41 ہزار سرکاری حجاج، 19 ہزار پرائیویٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ سے وطن واپس لائے جائیں گے۔

پی آئی اے کی بعد از حج پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور براہ راست پہنچے گیں۔ پہلے روز تمام پروازیں جدہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور پہنچ رہی ہیں۔

پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ بعد از حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 90 فیصد سے زائد رکھا جائے گا۔

پی آئی اے نے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی وطن واپس روانگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ پی آئی اے کی خصوصی حج ٹیمیں جدہ و مدینہ ایئر پورٹس پر حجاج کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔

پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا۔