206

آسٹریلیا نے ایشز سیریز اپنے نام کر لی، انگلینڈ کو اننگز سے شکست

پرتھ: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اننگز اور 41 رنز سے ہراتے ہوئے ایشز سیریز اپنے نام کر لی، ڈبل سنچری بنانے والے فاتح کپتان اسٹیو سمتھ مین آف دی میچ قرار پائے۔

واکا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز انگلینڈ نے 4 وکٹ پر 132 رنز سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو انہیں پہلی اننگز کا خسارہ کم کرنے کیلیے مزید 127 رنز درکار تھے تاہم پوری ٹیم 218 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور کینگروز نے اننگز اور 41 رنز سے کامیابی سمیٹی، ڈیوڈ میلان کی مزاحمت بھی 54 رنز تک محدود رہی، کرس ووکس 22، جونی بیئر اسٹو14 اور کریگ اوورٹن 12 رنز بنا سکے۔ جوش ہیزل ووڈ نے 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، پیٹ کمنز اور ناتھن لیون نے 2,2 جبکہ مچل سٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور ڈیوڈ میلان اور جونی بیئراسٹو کی سنچریز کی بدولت 403 رنز کا بڑا مجموعہ سکور کرنے میں کامیاب رہی تھی، جواب میں آسٹریلیا نے کپتان سٹیو اسمتھ کے 239 اور مچل مارش کے 181 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 9 وکٹ پر 662 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی، اسٹیو سمتھ مین آف دی میچ قرار پائے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے تیسرے میچ میں فتح کے ساتھ ایشز ٹرافی پر قبضہ جما لیا ہے، میزبان ٹیم نے برسبین میں کھیلے گئے پہلے میچ میں 10 وکٹ، ایڈلیڈ میں کھیلے گئے مقابلے میں 120 رنز سے شکست دی تھی۔ روایتی حریفوں کے مابین سیریز کا چوتھا میچ 26 دسمبر سے ملیبورن جبکہ آخری میچ 4 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔