35

دورہ پاکستان :چینی وزیراعظم نے شہبازشریف کی دعوت قبول کرلی

چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہبازشریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف کی پیرس میں چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون پر گفتگو ہوئی۔ پیرس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چینی ہم منصب کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ چین پاکستان کے کلیدی مفادات کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف اور جرمن چانسلر اولاف شولز کی بھی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے جرمنی کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے یورپی کمیشن کی صدر سے بھی ملاقات کی اور یورپی اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر اسلامی ترقیاتی بینک کی بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور بینک کے درمیان تعاون اور روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل وزیراعظم کی پیرس میں صدارتی محل آمد پر فرانسیسی صدر اور خاتون اول نے استقبال کیا۔