31

پیپلزپارٹی کی سیاست کرپشن اور خرید و فروخت ہے، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ تمام تربدمعاشیوں کے باوجود پیپلزپارٹی ہارگئی، میں ان سے بات نہیں کرنا چاہتا۔

اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا، عوام ووٹ ایک کو ڈالتا ہے اورجیت دوسرا جاتا ہے، اگرعام انتخابات کا اعلان ہوگیا تو کیا اس کا حال بھی کراچی کی طرح ہوگا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ تمام تر بدمعاشیوں کے باوجود پیپلز پارٹی ہار گئی ہے، پیپلزپارٹی اور سندھ کی حکومت بری طرح پھنس گئی ہے، میں پیپلزپارٹی سے بات نہیں کرنا چاہتا، ان لوگوں سے بات کرناچاہتا ہوں جنہوں نے آئین کےمطابق حلف اٹھایا، پی پی پی کی سیاست کرپشن اور خرید و فروخت کی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کو ان کےحقوق دلانے میں ادارے ناکام ہوجاتےہیں، کراچی میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے پر پولیس نے ہمارے کارکنان پر ڈنڈے برسائے، ہم نے کراچی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔