37

سمندری طوفان کراچی سے دور اور کیٹی بندر سے قریب ہونے لگا

کراچی : سمندری طوفان ‘بیپر جوائے’ کا فاصلہ کراچی سے زیادہ اور کیٹی بندر سے کم ہونے لگا ، طوفان کل دوپہر کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ طوفان بیپر جوئے کراچی سےکنارہ کشی کرنے لگا، سمندری طوفان نے اپنا رخ شمال مشرقی سمت کرلیا، جس کے باعث سمندری طوفان کا فاصلہ کراچی سے زیادہ اور کیٹی بندر سے کم ہونے لگا ہے۔

طوفان اس وقت کراچی کے جنوب مغرب میں 370 اور کیٹی بندر کے جنوب مغرب میں 290 کلو میٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب مغرب میں 335 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

طوفان کل دوپہر کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، طوفان کے گرد 150 تا 160 کلو میٹر کی ہوائیں اور 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ چل رہے ہیں

طوفان کے مرکز کے گرد 30 فٹ لہریں بلند ہورہی ہیں، طوفان ٹکرانے کی صورت میں متاثرہ علاقے میں 100 تا 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا اور 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ چلیں گے۔

متاثرہ ساحل پر 8 سے 12 فٹ بلند لہریں اٹھے گی اور متاثرہ علاقے اور اطراف میں گرج و چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں متوقع ہیں

سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر شدید طغیانی اور 6 فٹ تک لہریں بلند ہوں گی جبکہ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کا سلسلہ 17 جون تک جاری رہے گا۔